ہاکی فیڈریشن کے قائم مقام صدر کا کپتان پر عائد پابندی فوری ختم کرنے کا اعلان

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان ہاکی فیڈریشن کے قائم مقام صدر نے کہا ہے کہ ملک میں ہاکی کے کھیل کو دوبارہ مضبوط اور فعال بنانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کیے جائیں گے جبکہ انہوں نے سابق صدر کی جانب سے ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ پر عائد پابندی فوری طور پر ختم کرنے کا اعلان کردیا۔
قائم مقام صدر کا عہدہ سنبھالنے کے بعد محی الدین وانی نے اپنے بیان میں کہا کہ فی الحال فیڈریشن کے معاملات کو بہتر بنانے، اعتماد بحال کرنے اور ٹیم مینجمنٹ کو ازسرنو منظم کرنے پر کام جاری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ فوری طور پر اہم مسائل حل کیے جا رہے ہیں، جبکہ آئندہ مرحلے میں ایک واضح منصوبہ بندی کے تحت کوچنگ، تربیت اور اداروں کے درمیان تعاون کو بہتر بنایا جائے گا۔
انہوں نے بتایا کہ فیڈریشن میں شفاف نظام قائم کیا جائے گا اور وسائل کا درست استعمال یقینی بنایا جائے گا۔ اس کے علاوہ کھلاڑیوں کی مدد کے لیے نجی شعبے کے ساتھ بھی تعاون بڑھایا جائے گا تاکہ کھلاڑی پوری توجہ اپنے کھیل پر رکھ سکیں۔



