پاکستان اور جرمنی کا تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور جرمنی نے دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور ترقیاتی تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کر لیا ہے۔ یہ اتفاق رائے وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب اور پاکستان میں تعینات جرمن سفیر کے درمیان ہونے والی ملاقات کے دوران سامنے آیا۔
ملاقات میں دونوں فریقین نے پاکستان میں کاروباری ماحول کو بہتر بنانے کے لیے مؤثر اقدامات پر زور دیا۔ اس موقع پر ٹیکس نظام میں اصلاحات، ٹیکس بیس کے فروغ اور ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال سے محصولات میں اضافے کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
جرمن سفیر نے حکومتِ پاکستان کی جانب سے جاری اصلاحاتی اقدامات کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات سے سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔ فریقین نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیرِ خزانہ نے جرمن سفیر کو یقین دہانی کرائی کہ حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کو درپیش مسائل کے حل کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ برآمدات اور صنعتی ترقی کو فروغ دیا جا سکے۔



