پاکستان اور فرانس کا توانائی و معدنیات میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور فرانس نے توانائی اور معدنیات کے شعبوں میں تعاون مزید مضبوط بنانے پر اتفاق کیا ہے اور خطے میں کشیدہ صورت حال کے دوران پیٹرولیم سپلائی کی حمکت عملی کی تعریف کی گئی۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک سے پاکستان میں فرانس کے سفیر نیکولس گیلے نے ملاقات کی جہاں فرانسیسی سفیر نےپاکستان میں پیٹرولیم سپلائی کی مؤثر حکمت عملی کی تعریف کی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کے برعکس صورت حال کو کامیابی سے سنبھالا ہے اور پاکستان میں پیٹرولیم مصنوعات کے حوالے سے کوئی افراتفری نہیں پھیلی۔

وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے بتایا کہ پاکستان کے بروقت، فعال اور مربوط فیصلوں کی بدولت اب تک اس بحران سے کامیابی سے نمٹ رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف نے بدلتی ہوئی سپلائی چین کے تناظر میں بین الوزارتی سطح پر فوری فیصلوں کے لیے ایک مؤثر نظام قائم کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور نائب وزیراعظم، فیلڈ مارشل عاصم منیر کی سفارتی کوششوں سے متبادل ذرائع سے پیٹرولیم سپلائی ممکن ہوئی ہے اور حکومت نے قیمتوں کا بوجھ اٹھایا مگر مناسب مالی معاونت سے گردشی قرضہ نہیں بننے دیا۔

علی پرویز ملک نے کہا کہ حکومت کمزور طبقات کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی پر حکومت کام کر رہی ہے۔

فرانسیسی سفیر نیکولس گیلے نے کہا کہ پاکستان اور فرانس کے تعلقات مضبوط اور توانائی تعاون میں اضافہ ہوا ہے، فرانسیسی کمپنیوں کی پاکستان کے مائننگ سیکٹر میں دلچسپی بڑھی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ فرانسیسی کمپنیوں کی نومبر میں پی ایم آئی ایف میں بھرپور شرکت کی امید ہے۔

مزید خبریں

Back to top button