بلوچستان میں دہشتگرد حملے کے بعد بھارتی وزارت خارجہ کا بیان پاکستانی موقف کی تصدیق ہے،دفتر خارجہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) ترجمان دفتر خارجہ طاہر حسین اندرابی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے حالیہ واقعے کے بعد بھارتی وزارت خارجہ کا بیان پاکستانی موقف کی تصدیق کرتا ہے۔ انہوں نے بھارت کے بیان کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنی سرزمین کی حفاظت اور امن و امان کے لیے پرعزم ہے۔

ترجمان نے صحافیوں کو ہفتہ وار بریفنگ میں بتایا کہ وزیر اعظم نے 23 تا 24 فروری کو امیر قطر کی دعوت پر قطر کا دورہ کیا، جہاں امیر قطر نے پاکستان کے ساتھ اقتصادی شراکت داری کو اعلیٰ سطح تک لے جانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ اس موقع پر قطر کے وزیر دفاع اور وزیر مملکت نے بھی وزیراعظم سے ملاقات کی۔

مزید برآں، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سعودی عرب کے دورے پر ہیں جہاں وہ جدہ میں او آئی سی ایگزیکٹو کمیٹی کے غیرمعمولی وزارتی اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں اسرائیلی قابض حکام کے غیرقانونی اقدامات اور مقبوضہ مغربی کنارے کو ریاستی اراضی میں تبدیل کرنے کی کوششوں پر بات کی جائے گی۔ اسحاق ڈار اجلاس کے دوران او آئی سی رکن ممالک کے وزرائے خارجہ سے دوطرفہ ملاقاتیں بھی کریں گے۔

ترجمان نے مزید کہا کہ رواں ماہ سمجھوتا ایکسپریس حملے کی 19ویں برسی ہے، جس میں 70 سے زائد جانیں ضائع ہوئیں۔ حملے میں ملوث سوامی آسیم آنند اور بھارتی کرنل پروہت نے عوامی سطح پر اپنے جرم کا اعتراف کیا، لیکن چاروں مجرم ابھی بھی آزاد گھوم رہے ہیں۔ طاہر حسین اندرابی نے کہا کہ بھارت سمجھوتا ایکسپریس حملے کے مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں نہیں لا سکا۔

دفتر خارجہ نے واضح کیا کہ بلوچستان میں دہشت گردی کے بعد بھارتی بیان پاکستان کی موقف کی تصدیق کے مترادف ہے، اور پاکستان اپنی سرزمین پر امن و سلامتی کے لیے ہر اقدام کرنے کا پابند ہے۔

مزید خبریں

Back to top button