ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے کی پاکستانی شہریوں کے لیے ایڈوائزری، غیر ضروری سفر سے گریز کریں

ابوظہبی(جانوڈاٹ پی کے) ابوظہبی میں پاکستانی سفارتخانے نے متحدہ عرب امارات میں مقیم پاکستانی شہریوں کیلئے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر انحصار کرنے کی ہدایت کی ہے۔

اعلامیے کے مطابق موجودہ علاقائی صورتحال کے پیشِ نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا ضروری ہے، سفارتخانے نے شہریوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ اپنی رابطہ معلومات تازہ رکھیں، اہم دستاویزات محفوظ رکھیں اور کسی بھی غیر مصدقہ خبر یا افواہ پر ردِ عمل دینے سے اجتناب کریں، ہنگامی صورتحال میں متعلقہ ہیلپ لائن اور قونصلر خدمات سے رابطہ کرنے کی بھی تاکید کی گئی ہے۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی کمیونٹی کی حفاظت اولین ترجیح ہے اور سفارتی مشن صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے، شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ مجاز حکام کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اپڈیٹس پر عمل کریں اور عوامی مقامات پر محتاط رہیں۔

سفارتخانے نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ضرورت پڑنے پر مزید رہنمائی اور معلومات جاری کی جائیں گی، جبکہ شہریوں سے تعاون اور ذمہ دارانہ رویہ اختیار کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔

مزید خبریں

Back to top button