پاکستان اور مصر کا اقتصادی تعاون مضبوط، مشترکہ معاشی لائحہ عمل پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اورمصر کی اقتصادی شراکت داری میں نئی پیش رفت سامنے آئی ہے جس میں دونوں ممالک نے مشترکہ معاشی لائحہ عمل پر اتفاق کیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ایس آئی ایف سی کی معاونت سے پاکستان اور مصرکے مابین اقتصادی شراکت داری ، تجارت، سرمایہ کاری اور شعبہ جاتی تعاون کے نئے دور کا آغاز ہوگیا ہے۔
وفاقی وزیرِ تجارت جام کمال خان کی مصر کے وزیر سرمایہ کاری حسن الخطيب سے ‘ڈی-8 ‘ کے تجارتی وزراءکونسل کی میٹنگ کے دوران اہم ملاقات ہوئی۔
ملاقات میں تجارت، سرمایہ کاری اور پرائیویٹ سیکٹر کے اشتراک کو بڑھانے پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ پاکستان اور مصرنے ٹیکسٹائل، زراعت، فارما اور دیگر شعبہ جات میں شراکت داری بڑھانے پر زور دیا۔
بندرگاہوں تک باہمی رسائی اور ویزا سہولیات کے ذریعے تجارت کو مضبوط بنانے پر اتفاق کیا گیا جبکہ ڈیجیٹل جدید کاری سے پاکستان اورمصرکا اقتصادی تعاون مزید مضبوط ہوگا۔
علاوہ ازیں ترجیحی شعبوں کے لیے مشترکہ ورکنگ گروپ تشکیل دینے اور پیش رفت کا باقاعدہ جائزہ لینے پر اتفاق کیا گیا۔ دونوں فریقین نے اقتصادی تعلقات، بی ٹو بی روابط اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
ایس آئی ایف سی کے موثر اقدامات سے پاکستان کے تجارتی و صنعتی شعبے ترقی کی راہ پر مسلسل گامزن ہیں۔



