ملک بھر میں میٹرک آرٹس کے طلبہ کو پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ میں داخلے کی اجازت

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ملک بھر میں میٹرک آرٹس کے طلبہ کو پری میڈیکل اور پری انجینیئرنگ میں داخلے کی اجازت مل گئی۔
انٹر بورڈ کوآرڈی نیشن کمیشن (آئی بی سی سی) نے ملک بھر میں میٹرک آرٹس گروپ کے طلبہ کے لیے انٹر میں پری میڈیکل اور پری انجینئرنگ گروپس میں داخلے کی اجازت دی۔
ترجمان آئی بی سی سی کے مطابق 4 اور 5 دسمبر 2025 کو کراچی میں منعقدہ 183ویں اجلاس میں یہ فیصلہ تمام اسٹیک ہولڈرز کی سفارشات اور مشاورت کے بعد متفقہ طور پر کیا گیا۔ اس سلسلے میں پاکستان انجینیئرنگ کونسل (پی ای سی)، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل (پی ایم اینڈ ڈی سی)، ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی)، نیشنل کریکولم کونسل (این سی سی) اور صوبائی کریکولم اتھارٹیز کی آرا شامل تھیں۔
آئی بی سی سی کے ڈائریکٹر نے اس حوالے سے نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا ہے جس کے مطابق یہ پالیسی 2026 کے پہلے سالانہ ایس ایس سی امتحانات سے نافذ العمل ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق داخلہ دینے والے ادارے میرٹ کے تقاضے پورے کرنے کے لیے کم از کم نمبروں کی حد، پلیسمنٹ ٹیسٹ لینے جیسے انتظام کا اہتمام کریں۔



