وفاقی ادارہ شماریات نے مہنگائی کے ہفتہ وار اعداد و شمار جاری کر دیے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق گزشتہ ہفتے مہنگائی میں 0.24فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ سالانہ بنیاد پر مہنگائی کی شرح تین اعشاریہ سات پانچ فیصد رہی۔
اعداد و شمار کے مطابق سترہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ، چودہ کی قیمتوں میں کمی جبکہ بیس اشیاء کے نرخ مستحکم رہے۔زندہ برائلر مرغی کی قیمت میں گیارہ اعشاریہ ایک ایک فیصد اضافہ ہوا، مرچ تین فیصد، انڈے دو اعشاریہ آٹھ آٹھ فیصد، جبکہ کوکنگ آئل صفر اعشاریہ تین دو فیصد تک مہنگا ہوا۔گزشتہ ہفتے دال مونگ، دہی، بڑا گوشت، کپڑے، لکڑی اور انرجی سیور کی قیمتوں میں بھی اضافہ دیکھا گیا۔
دوسری جانب ٹماٹر، آلو، چینی، پیاز، دال ماش، لہسن، نمک، گڑ، ڈیزل اور ایل پی جی کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ادارہ شماریات کے مطابق زندہ برائلر مرغی چالیس روپے فی کلو مہنگی ہو کر اوسط قیمت چار سو تین روپے فی کلو تک پہنچ گئی، جبکہ مختلف شہروں میں زندہ چکن تین سو اٹھاون سے پانچ سو روپے فی کلو فروخت ہوتا رہا۔سالانہ بنیاد پر چینی چوبیس فیصد، گندم کا آٹا بائیس اعشاریہ پانچ دو فیصد اور چکن اکیس فیصد مہنگا ہوا۔



