پاکستان کا فوجی دستہ سعودی عرب پہنچ گیا،لڑاکاطیارے بھی شامل

ریاض/اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)سعودی عرب کی وزارتِ دفاع نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان سے ایک فوجی دستہ مشرقی خطے میں واقع شاہ عبدالعزیز فضائی اڈے پر پہنچا ہے۔یہ تعیناتی دونوں برادر ممالک کے درمیان طے پانے والے مشترکہ سٹریٹجک دفاعی معاہدے کے تحت عمل میں آئی ہے۔
بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ پاکستانی دستہ پاک فضائیہ کے لڑاکا اور معاون طیاروں پر مشتمل ہے، جس کا مقصد دونوں ممالک کی مسلح افواج کے درمیان مشترکہ عسکری ہم آہنگی کو مضبوط بنانا، عملی تیاری کے معیار کو بلند کرنا، اور علاقائی و بین الاقوامی سطح پر امن و استحکام کے فروغ میں تعاون فراہم کرنا ہے۔
پاکستان اور سعودی عرب نے ستمبر2025میں دفاعی معاملات میں تعاون اور سلامتی سے متعلق ’باہمی دفاع کے سٹریٹجک معاہدے‘ (جوائنٹ سٹریٹجک ڈیفنس ایگریمننٹ) پر دستخط کیے تھے جس کے تحت ’کسی ایک ملک کے خلاف بیرونی جارحیت کو دونوں ملکوں کے خلاف جارحیت تصور کیا جائے گا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے رہنماؤں کی جانب سے اس معاہدے کو ’تاریخی‘ قرار دیا گیا تھا۔
پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دفاعی شراکت داری سے متعلق اس معاہدے کا اعلان ایک ایسے وقت میں ہوا تھا جب اسرائیل کی جانب سے قطر کے دارالحکومت دوحہ میں ہونے والے حملے کے بعد سے عرب ممالک میں تشویش پائی جاتی تھی۔
ایران – امریکہ، اسرائیل کی حالیہ جنگ کے دوران بھی اس معاہدے کا ذکر اس وقت سامنے آیا تھا جب سعودی عرب ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کا نشانہ بن رہا تھا۔



