پاکستان اور چین کے درمیان بڑا اقتصادی پیشرفت معاہدہ: تین اہم ایم او یوز پر دستخط

چانگشا(جانوڈاٹ پی کے\مانیٹرنگ ڈیسک) چین کے صوبے ہونان کے شہر چانگشا میں پاکستان اور چین کے اداروں کے درمیان تین اہم مفاہمتی یادداشتوں (MoUs) پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی، جس میں صدر آصف علی زرداری نے خصوصی طور پر شرکت کی۔

یہ معاہدے سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانے، زرعی ٹیکنالوجی اور چائے کے شعبے میں تعاون کے فروغ کیلئے کیے گئے ہیں، جنہیں دونوں ممالک کے درمیان عملی تعاون کی اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔

پہلا معاہدہ: سمندری پانی کو میٹھا بنانے کا منصوبہ

یہ مفاہمتی یادداشت محکمہ بلدیات سندھ اور چینی کمپنی Lu Xian Environmental Technology Group کے درمیان طے پائی۔ اس منصوبے کا مقصد کراچی میں پانی کی فراہمی بہتر بنانے کیلئے سمندری پانی کو قابلِ استعمال بنانا ہے۔ دستخط سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن اور چینی نمائندوں نے کیے۔

دوسرا معاہدہ: زرعی ٹیکنالوجی میں تعاون

یہ سمجھوتہ محکمہ بلدیات سندھ اور Long Ping High-Tech Agriculture کے درمیان ہوا، جس کا مقصد جدید زرعی ٹیکنالوجی کو پاکستان میں فروغ دینا ہے۔ اس پر بھی شرجیل انعام میمن اور چینی چیئرمین نے دستخط کیے۔

تیسرا معاہدہ: چائے کی صنعت کی ترقی

چائے کے شعبے میں تعاون کیلئے معاہدہ Hunan Tea Group، Maskey & Family Trading Company اور Jialong International Technology کے درمیان طے پایا۔ پاکستان کی جانب سے سینیٹر سلیم مانڈیوالا  نے دستخط کیے۔

اس معاہدے کا مقصد چائے کی صنعت کی ترقی، اقتصادی تعاون اور عوامی و تجارتی روابط کو مضبوط بنانا ہے۔

تقریب میں وزیراعلیٰ سندھ کے معاون خصوصی قاسم نوید قمر، چیف سیکرٹری سندھ علی حسن باروھی اور چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

Back to top button