افغان طالبان رجیم کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے، عطاء اللہ تارڑ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)عطاء اللہ تارڑ نے پاک افغان سرحد پر حالیہ کشیدگی کے حوالے سے کہا ہے کہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے بلا اشتعال فائرنگ کا بھرپور اور مؤثر جواب دیا جا رہا ہے اور آئندہ بھی دیا جاتا رہے گا۔
وزیر اطلاعات نے کہا کہ افغان طالبان رجیم اور بھارتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی جانب سے جھوٹا اور بے بنیاد پراپیگنڈا پھیلایا جا رہا ہے جس کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں جبکہ خوش فہمیوں پر مبنی افواہیں عملی میدان میں شکست کے بعد خفت مٹانے کیلئے پھیلائی جا رہی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان افغان طالبان رجیم کو جھوٹ کے پیچھے چھپنے نہیں دے گا اور پاکستان کی پیشہ ورانہ افواج حملہ آوروں کے عزائم کو خاک میں ملا رہی ہیں۔
عطاء اللہ تارڑ کے مطابق مصدقہ اطلاعات کے تحت پاک فوج کی کارروائی میں افغان طالبان رجیم کے 36 کارندے ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔
وطن کا دفاع کرتے ہوئے پاک فوج کے دو جوان شہادت کے مرتبے پر فائز اور تین زخمی ہوئے۔
وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پاکستان نے حالیہ دنوں خطے خصوصاً ملک میں معصوم شہریوں کو نشانہ بنانے والے فتنہ الخوارج دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائیاں کیں، جبکہ افغان طالبان رجیم کی جانب سے سرحدی علاقوں میں فائرنگ دہشتگردوں کی پشت پناہی کو دنیا کے سامنے بے نقاب کرتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افغانستان کو ماضی کی پسپائیوں سے سبق سیکھنا چاہیے اور پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے ہر دشمن کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایا جاتا رہے گا۔



