عراق نے بھی جے ایف17تھنڈر طیارے مانگ لئے

راولپنڈی (جانوڈاٹ پی کے)سربراہ پاک فضائیہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے اپنے سرکاری دورۂ عراق کے دوران عراقی فضائیہ کے کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل اسٹاف پائلٹ مہند غالب محمد راضی الاسدی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ عسکری تعاون، پیشہ ورانہ دلچسپی اور عملی ہم آہنگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

گفتگو کے دوران مشترکہ تربیت، صلاحیت میں اضافہ، ایوی ایشن انڈسٹری میں تعاون اور باہمی عملی ہم آہنگی کو مزید مضبوط بنانے پر خصوصی زور دیا گیا۔ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے پاکستان اور عراق کے گہرے مذہبی، ثقافتی اور تاریخی تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ یہی روابط دونوں ممالک کی مسلح افواج کے دیرپا تعلقات کی بنیاد ہیں۔

سربراہ پاک فضائیہ کو عراقی فضائیہ کے ہیڈکوارٹر پہنچنے پر تاریخی اور شاندار استقبال کیا گیا، جہاں چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ یہ اعزاز دونوں فضائی افواج کے درمیان باہمی احترام اور برادرانہ تعلقات کا مظہر قرار دیا گیا۔

ایئر چیف نے تربیت اور مشترکہ صلاحیتوں میں اضافے کے شعبوں میں عراقی فضائیہ کو مکمل معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے مشترکہ مشقوں اور تربیتی پروگرامز کے انعقاد پر اتفاق کیا۔

اس موقع پر عراقی فضائیہ کے کمانڈر نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ مہارت اور عالمی معیار کے تربیتی نظام کو سراہتے ہوئے کہا کہ عراقی پائلٹس پاک فضائیہ کے تجربہ کار پائلٹس سے براہِ راست تربیت حاصل کرنے کے خواہاں ہیں۔ انہوں نے جے ایف-17 تھنڈر لڑاکا طیاروں کی ممکنہ خریداری، سپر مشاق تربیتی طیاروں کی شمولیت اور جامع لائف سائیکل سپورٹ میں بھی دلچسپی کا اظہار کیا۔

ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو کا یہ دورہ پاکستان اور عراق کے درمیان دفاعی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے، پیشہ ورانہ تعاون بڑھانے اور دونوں فضائی افواج کے درمیان دیرپا روابط قائم کرنے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔

مزید خبریں

Back to top button