پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ کا دو طرفہ تعلقات مضبوط کرنے اور رابطے جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)پاکستان اور بنگلہ دیش کے وزرائے خارجہ نے علاقائی صورت حال پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ تعلقات کے فروغ کے لیے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔
ترجمان دفترخارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے آج بنگلہ دیش کے وزیرخارجہ ڈاکٹر خلیل الرحمان سے ٹیلیفون پر گفتگو کی اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی صورت حال پر تشویش کا اظہار کیا۔
بیان میں کہا گیا کہ دونوں رہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں بننے والی صورت حال اور خطے میں اس کے پھیلاؤ اور اس کے علاقائی امن و استحکام پر پڑنے والے اثرات اور گھمبیر نتائج پر تشویش کا اظہار کیا۔
ترجمان دفترخارجہ کے مطابق انہوں نے پاکستان اور بنگلہ دیش کے تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا اور دونوں فریق نے دوطرفہ اور کثیرالجہتی تعاون کے فروغ کے لیے قریبی رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔



