جمہوریت کیلئے کسی بھی قربانی کیلئے تیار ہیں،مہیش ملانی
یوم تاسیس پر مٹھی میں کیک کاٹا گیا

مٹھی(رپورٹ:جانو ڈاٹ پی کے)پیپلز پارٹی ضلع تھرپارکر کے زیر اہتمام یوم تاسیس کی تقریب کے دوران یوم تاسیس کے موقع پر کیک کاٹا گیا اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا لائیو خطاب سنا گیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے میرپورخاص ڈویژن کے صدر و ایم این اے ڈاکٹر مہیش کمار ملانی نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی دنیا کی واحد جماعت ہے جس نے 58 سال سے جمہوریت کے لیے جدوجہد کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قیادت نے کبھی آمروں کے سامنے سر نہیں جھکایا، شہید ذوالفقار علی بھٹو ہوں، محترمہ بے نظیر بھٹو ہوں، آصف علی زرداری ہوں یا بلاول بھٹو زرداری، ان سب نے جمہوریت کی بقا کے لیے قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ ان کا خاندان 1986 سے پاکستان پیپلز پارٹی سے منسلک ہے اور ان کا خاندان ان خاندانوں میں شامل ہے جنہوں نے تھرپارکر اور میرپورخاص ڈویژن میں پارٹی کی بنیاد رکھی جو کہ ان کے لیے بڑے فخر کی بات ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ شہیدوں اور غریب عوام کی آواز رہی ہے اور اس نے کبھی کسی اصول پر سمجھوتہ نہیں کیا۔
تقریب میں ایم پی اے فقیر شیر محمد بلالانی، ایم پی اے قاسم سراج سومرو، انجینئر گیان چند تھاہارانی، ضلعی جنرل سیکریٹری سشیل کمار ملانی، انفارمیشن سیکریٹری ویرجی کولہی، ونود کمار ملانی، راہول جیون، ضلع، تعلقہ اور ذیلی ونگ کے قائدین، ٹاؤن چیئرمینز، یوسی چیئرمین، کونسلرز، صحافیوں، تاجروں اور کارکنوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب کا اختتام پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں نعروں اور ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے دعاؤں کے ساتھ ہوا۔



