اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد پر قبضے کی شکایت، ڈپٹی کمشنر 7 دن میں فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا، محسن نقوی

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے اوورسیز پاکستانیوں کی جائیداد کے تحفظ کے لیے اہم اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر بیرونِ ملک مقیم پاکستانی کسی بھی قسم کے قبضے کی شکایت درج کرائیں گے تو ڈپٹی کمشنر اسلام آباد سات دن کے اندر اس پر فیصلہ کرنے کا پابند ہوگا۔

سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے ملکیتی حقوق کا ہر صورت تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بھی ان کی جائیداد پر ناجائز قبضے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اس حوالے سے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری میں اوورسیز پاکستانیوں کی سرمایہ کاری نہایت خوش آئند اور قابلِ قدر ہے، اور حکومت سرمایہ کاروں کو ایک محفوظ، شفاف اور سرمایہ کار دوست ماحول فراہم کرنے کے لیے پُرعزم ہے۔

محسن نقوی نے مزید کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں کے اثاثوں کے تحفظ کے لیے تیز، مؤثر اور شفاف کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا تاکہ بیرونِ ملک مقیم پاکستانیوں کا اعتماد مزید مستحکم ہو اور وہ بلا خوف و خطر سرمایہ کاری کر سکیں۔

مزید خبریں

Back to top button