اٹلی میں 3 خواتین سمیت 353 پاکستانی قید ہیں ، وزارت اوورسیز

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی اوورسیز کو بتایا گیا کہ سپین میں نئی امیگریشن پالیسی اپریل سے جون تک جاری رہے گی، اٹلی میں اس وقت تین خواتین سمیت تین سو تریپن پاکستانی قید ہیں، کمیٹی نے سپین میں کمیونٹی ویلفیئراتاشی کا عہدہ چھ سال سےخالی ہونے پر برہمی کا اظہار کیا۔
آغا رفیع اللہ کی زیر صدارت قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں اٹلی اور اسپین میں مقیم پاکستانیوں کے مسائل زیر بحث آئے۔سپین میں کمیونٹی ویلفیئر اتاشی کی پوسٹ چھ سال خالی رہنے پر چیئرمین کمیٹی نے برہمی کا اظہار کیا۔ حکام کے مطابق سپین میں ایک لاکھ چالیس ہزار پاکستانی مقیم ہیں۔ چیئرمین نے کمیونٹی ویلفیئر اتاشیوں کے رابطہ نمبرز ویب سائٹ پر فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ حکام نے بتایا کہ اٹلی کے شہر میلان سے ڈیڑھ سو پاکستانیوں کی میتیں واپس لائی گئیں اور اس پر کوئی سرکاری خرچ نہیں آیا۔ میلان میں نادرا ڈیسک فعال کر دیا گیا ہے۔ اٹلی میں تین سو تریپن پاکستانی قید ہیں جن میں تین خواتین بھی شامل ہیں۔ پاکستانی سفارتخانہ اپنے شہریوں کی مدد کر رہا ہے۔



