محمود اچکزئی اور شیخ وقاص اکرم میں لفظی گولہ باری

لاہور(شکیل ملک\جانوڈاٹ پی کے) سربراہ تحریک تحفظ آئین پاکستان محمود خان اچکزئی اور پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم کے درمیان سخت لفظی گولہ باری سامنے آ گئی ہے، جس کے باعث اپوزیشن کی حکومت مخالف مجوزہ تحریک آغاز سے قبل ہی باہمی اختلافات اور الزام تراشی کی نذر ہوتی دکھائی دے رہی ہے۔

گزشتہ روز لاہور میں وکلاء اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمود خان اچکزئی نے پاکستان تحریک انصاف میں شدید نظم و ضبط کے فقدان کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی پی ٹی آئی میں ڈسپلن سے مشروط ہے، جماعت میں ہر سو افراد کا اپنا صدر ہے، آپس میں جھگڑے معمول بن چکے ہیں، اور معمولی تعداد میں کارکن نکلنے پر بھی دھکم پیل اور گالم گلوچ دیکھنے میں آتی ہے۔

محمود اچکزئی کے بیان پر پاکستان تحریک انصاف کے سیکرٹری اطلاعات شیخ وقاص اکرم نے شدید ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ محمود اچکزئی کو پنجاب میں کسی سیاسی جماعت کے ساتھ تحریک چلانے کا تجربہ نہیں، اسی لیے وہ ایسے بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ پی ٹی آئی ایک منظم اور جمہوری جماعت ہے، جہاں اظہارِ رائے کی آزادی موجود ہے اور تمام کارکن عمران خان کی قیادت میں متحد ہیں۔

سیاسی مبصرین کے مطابق اس وقت اپوزیشن میں واضح خلیج موجود ہے اور منقسم اپوزیشن حکومت کے خلاف کوئی مؤثر تحریک چلانے کی پوزیشن میں نظر نہیں آتی۔ ان کا کہنا ہے کہ تحریک شروع ہونے سے قبل ہی اپوزیشن جماعتوں کے باہمی اختلافات کھل کر سامنے آ رہے ہیں۔

مبصرین کے مطابق اپوزیشن کی مختلف الخیال جماعتیں ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کی کوشش میں مصروف ہیں۔ محمود اچکزئی کا بیان زمینی حقائق اور معروضی حالات کی عکاسی کرتا ہے، جبکہ شیخ وقاص اکرم کا ردعمل سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کے مترادف قرار دیا جا رہا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب وہ طویل عرصے سے عملی سیاسی سرگرمیوں سے دور دکھائی دیتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button