لاڑکانہ: کھلی کچہری فریادوں سے گونج اُٹھی، ناانصافی، منشیات اور رشوت پر شہری پھٹ پڑے،جمیل سومرو کا فوری حل کا اعلان

لاڑکانہ (رپورٹ: احسان جونیجو/نمائندہ جانو ڈاٹ پی کے) لاڑکانہ کے باغ ذوالفقار میں منعقدہ کھلی کچہری شہریوں کی فریادوں سے گونج اٹھی جس میں متاثرین نے شکایات کی کہ ناانصافی، گندگی،  منشیات، رشوت اور دیگر مسائل نے ان کا جینا محال بنا لیا ہے. رکن سندھ اسمبلی جمیل احمد سومرو کی کھلی کچہری میں شہریوں نے پولیس، میونسپل کارپوریشن، پبلک ہیلتھ اور ڈرگز ڈیپارٹمنٹ کے خلاف بھی شکایات کے انبار لگا دیے، منشیات نے نوجوانوں کو نگل لیا، رشوت نے اداروں کو مفلوج کر دیا، پی ایس ٹی پاس لڑکیاں روزگار کے لیے رو رہی ہیں، کھلے نالے، ابلتے گٹر، غائب اسٹریٹ لائٹس، تجاوزات سے بھری سڑکیں، ہر جگہ جام ٹریفک اور تعفن زدہ پانی بیماریاں پھیلا رہا ہے. اس موقع پر ایم پی اے جمیل سومرو نے ڈپٹی کمشنر ، ایس ایس پی، میئر لاڑکانہ، چیئرمین ڈسٹرکٹ کاؤنسل ودیگر افسران کی موجودگی میں تمام مسائل فوری اور ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی یقین دہانی کرائی. ان کا کہنا تھا کہ میں لاڑکانہ شہر کو مسائل سے پاک اور خوبصورت بنانا چاہتا ہوں، یہی وجہ ہے کہ میں اور یہاں کی پارٹی قیادت ہر وقت متحرک رہتے ہیں. آج یہاں جو مسائل اٹھائے گئے ان میں سے بہت سارے مسائل کا حل جلد نکالا جائے گا جبکہ کچھ مسائل سندھ کے وزیراعلٰی اور دیگر وزراء کے پاس ہے جن کو ان مسائل سے آگاہ کروں گا. انہوں نے کہا کہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری اپنے حلقے کے لوگوں کو تمام سہولیات فراہم کرنے کے لئے اقدامات اٹھا رہے ہیں، عوام کے تمام دکھوں کا مداوا پیپلز پارٹی کے پاس ہے.

مزید خبریں

Back to top button