پنجاب: تعلیمی اداروں کو جمعہ کے روز آن لائن کلاسز لینے کی اجازت

لاہور (جانوڈاٹ پی کے) وزیر تعلیم پنجاب رانا سکندر حیات نے پنجاب بھر کے سکولز، کالجز اور جامعات کو جمعہ کے روز آن لائن کلاسز لینے کی اجازت دے دی ہے۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر صوبائی وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے لکھا کہ اس اقدام کا مقصد موجودہ حالات میں تعلیمی سرگرمیوں کو جاری رکھنا ہے، جبکہ طلبا، اساتذہ اور والدین کے تعاون اور صبر کو سراہا گیا ہے۔
واضح رہے کہ محکمہ تعلیم پنجاب کی جانب سے گزشتہ روز جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق سکول جمعہ، ہفتہ اور اتوار کو بند رہیں گے اور اس طرح تدریس ہفتے میں 4 دن ہوگی۔
نوٹیفکیشن کے مطابق جمعے کی چھٹی کا اطلاق سرکاری اور پرائیویٹ سکولز دونوں پر ہی ہوگا، سوموار سے جمعرات تک سکولز 8 بجے سے ڈیڑھ بجے تک کھلے رہیں گے۔
نوٹیفکیشن میں بتایا گیا ہے کہ ڈبل شفٹ والے سکولز 8 سے ساڑھے 12 بجے تک ایک شفٹ مکمل کریں گے، دوسری شفٹ والے سکول دوپہر ایک سے شام ساڑھے 5 بجے تک کھلے رہیں گے، دوپہر والے سکولوں میں پڑھائی دن کے ایک بجے سے ساڑھے 5 بجے تک ہوگی۔



