اوکاڑہ پولیس کی بروقت کارروائی، لاپتہ ہونے والے تین کمسن بچے ساہیوال سے بحفاظت بازیاب

اوکاڑہ ( رپورٹ وحید آرئیں / جانو ڈاٹ پی کے ) پکار 15 پر اطلاع موصول ہوئی کہ محلہ احمد آباد، صمد پورہ (تھانہ بی ڈویژن) کی حدود سے تین کمسن بچے لاپتہ ہو گئے ہیں۔ لاپتہ بچوں کی شناخت محب اللہ (عمر 11 سال)، رامین زاہد (عمر 10 سال) اور عبدالہادی (عمر 5 سال) کے نام سے ہوئی۔

اطلاع ملتے ہی تھانہ بی ڈویژن پولیس نے فوری طور پر کارروائی عمل میں لاتے ہوئے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ اردگرد کے علاقوں کی سی سی ٹی وی فوٹیجز کا باریک بینی سے جائزہ لیا گیا۔

سی سی ٹی وی فوٹیج کی جانچ پڑتال کے دوران معلوم ہوا کہ بچے ٹرین میں سوار ہو کر تقریباً 50 کلومیٹر دور ضلع ساہیوال کی جانب روانہ ہو گئے ہیں۔ پولیس ٹیم نے مسلسل فالو اپ اور ہیومن انٹیلی جنس ذرائع کو بروئے کار لاتے ہوئے ضلع ساہیوال سے تینوں بچوں کو بحفاظت ٹریس کر کے بازیاب کر لیا۔

تمام قانونی تقاضے اور ضروری تصدیقی کارروائی مکمل کرنے کے بعد بچوں کو ان کے والدین کے حوالے کر دیا گیا۔

ڈی پی او اوکاڑہ ڈاکٹر اسد اعجاز ملہی خود تھانہ پہنچے، بازیاب ہونے والے بچوں اور ان کے اہل خانہ سے ملاقات کی، ان کی دلداری کی اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ ڈی پی او نے پولیس ٹیم کی بروقت اور مؤثر کارروائی کو سراہا۔

مزید خبریں

Back to top button