خیرپور میں گیس کی نئی دریافت، سہتو ون کنوئیں سے یومیہ 60 لاکھ مکعب فٹ پیداوار شروع


کراچی(جانوڈاٹ پی کے)او جی ڈی سی ایل نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج کو اطلاع دی ہے کہ سندھ کے ضلع خیرپور میں واقع سہتو ون کنوئیں سے قدرتی گیس کی پیداوار باقاعدہ طور پر شروع کر دی گئی ہے۔
کمپنی کے مطابق اس کنوئیں سے یومیہ 60 لاکھ مکعب فٹ قدرتی گیس حاصل ہو رہی ہے، جو ملکی توانائی کے شعبے کے لیے ایک اہم پیش رفت قرار دی جا رہی ہے۔
او جی ڈی سی ایل نے اپنے خط میں بتایا کہ گیس کو 6 انچ قطر کی 5 کلومیٹر طویل پائپ لائن کے ذریعے سنجھورو پلانٹ سے منسلک کر دیا گیا ہے، جہاں سے اسے پروسیس کر کے سوئی سدرن گیس کمپنی کے نیٹ ورک میں شامل کیا جا رہا ہے۔
کمپنی کے مطابق یہ دریافت کھیواری ایکسپلوریشن لائسنس کے تحت کی گئی ہے، جس میں او جی ڈی سی ایل کا 75 فیصد جبکہ جی ایچ پی ایل کا 25 فیصد شراکتی حصہ ہے۔
او جی ڈی سی ایل کا کہنا ہے کہ نئی پیداوار سے ملک میں توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور مقامی گیس کی فراہمی میں بہتری آنے کی توقع ہے۔