توانائی کے شعبے میں اہم پیش رفت، پاکستان نے تیل و گیس کے 8 ایکسپلوریشن بلاکس حاصل کر لیے

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے) او جی ڈی سی نے آف شور بڈ راؤنڈ 2025 کے تحت تیل و گیس کے 8 ایکسپلوریشن بلاکس حاصل کر لیے، جسے پاکستان کے توانائی شعبے میں اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
ترجمان او جی ڈی سی کے مطابق تقریباً دو دہائیوں بعد پاکستان میں آف شور ایکسپلوریشن سرگرمیوں کا باقاعدہ آغاز کیا گیا ہے۔ کمپنی دو بلاکس میں بطور آپریٹر جبکہ چھ بلاکس میں جوائنٹ وینچر پارٹنر کے طور پر کام کرے گی۔
وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے اس پیش رفت کو ملکی انرجی سیکیورٹی اور سرمایہ کاری کے فروغ کے لیے اہم سنگِ میل قرار دیا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ آف شور بڈ راؤنڈ 2025 پاکستان کے توانائی شعبے میں ایک نئے دور کی شروعات ثابت ہوگا۔



