گھوٹکی: کچے کے ڈاکوئوں سے مسافر کیسے بازیاب کرائے گئے؟آپریشن کرنے والے افسر نے سب بتا دیا

لاہور(سپیشل رپورٹ: جانوڈاٹ پی کے) گھوٹکی کے علاقے اوباڑو میں مسافروں کو اغوا کرنے والے ڈاکوؤں کے خلاف سندھ اور پنجاب پولیس نے باہمی تعاون سے مشترکہ آپریشن کیا۔ جس کے نتیجے میں 10 مغویان کو باحفاظت بازیاب کرایا گیا ہے جبکہ کچے کے علاقے میں تاحال ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے اور پولیس تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ اغوا کاروں کو گرفتار کیا جا سکے۔

ایس ایس پی خیرپور سمیع اللہ سومرو نے ’’جانوڈاٹ پی کے ‘‘ کو خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ واقع کی اطلاع ملتے ہی سندھ پولیس کی اعلیٰ کمان نے ڈاکوئوں کو پکڑنے اور مغویان کو بازیاب کرانے کی مختلف خصوصی ٹیمیں تشکیل دیں۔ ایک ٹیم ان کی سربراہی میں قائم کی گئی اور تمام ٹیموں کو مختلف روٹس دیئے گئے۔ انہوں نے بتایا کہ ہماری ٹیم کا ڈاکوئوں سے ٹاکرا ہوا جس کے بعد وہ صادق آباد رحیم یار خان سے پنجاب کی حدود میں داخل ہوگئے۔ڈاکو مسافروں کو یرغمال بنانے کے بعد پنجاب کی حدود بھونگ کی طرف فرار ہو گئے تھے۔ جس کے بعد فوری طور پر پنجاب پولیس سے رابطہ کیا گیا اور انہیں ڈاکوئوں کو اینگیج کیا جبکہ سندھ پولیس نے ڈرونز اور دیگر جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا۔ سندھ اور پنجاب پولیس کے باہمی تعاون اور مشترکہ آپریشن کے باعث ڈاکو کچے میں زیادہ اندر تک جانے میں کامیاب نہیں ہوپائے اور مغویان کو چھوڑ کر فرار ہوئے۔

سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ ایس ایس پی رحیم یار خان عرفان سموں کی قیادت میں پنجاب پولیس نے سندھ پولیس کے ساتھ بھرپور تعاون کیا ہے جبکہ اس آپریشن میں رینجرز نے بھی بھرپور کردارادا کیا ہے۔

انہوں نے مزید بتایا کہ ڈاکوئوں نے مجموعی طور پر 14مسافروں کو بس سے نکالا تھا جن میں چار مسافر اسی وقت قریبی کھیتوں میں بھاگ گئے جبکہ 10مسافروں کو ڈاکوئوں نے یرغمال بنایا آپریشن کے دوران تمام 10مغویان کو بازیاب کرایا گیا ہے جبکہ چار بھاگنے والے مسافروں میں سے ایک کی ڈیڈ باڈی ملی ہے جس کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی ہے۔

سمیع اللہ سومرو نے بتایا کہ ڈاکوئوں کا تعلق گل حسن لولائی اور فرید میرانی گینگ سے تھا۔ جبکہ بازیاب ہونے والے مغویان نے بتایا ہے کہ ڈاکوئوں کی تعداد 16 تھی ۔ پولیس کے ساتھ مقابلے کے دوران چار ڈاکو فائر لگنے سے زخمی ہوئے ہیں جبکہ ایک ڈاکو کی ہلاکت کا بھی بتایا گیا ہے

انہوں نے کہا کہ ڈاکوؤں کا تعاقب جاری ہے اور پولیس تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے تاکہ اغوا کاروں کو گرفتار کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکو مسافروں کو یرغمالی بنا کر پولیس اور حکومت پر دبائو ڈالنا چاہتے ہیں تاکہ اپنے مطالبات منوا سکیں۔ انہوں نے بتایا کہ کچے کے ڈاکوئوں کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائی میں بہت تیزی آئی ہے جس کے بعد اب ڈاکو اپنی جان بچانے کیلئے ایسی وارداتیں کررہے ہیں جس میں عام افراد کو ڈھال بنانے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button