غذائی قلت اور ممتا پروگرام کو مزید تیز اور نگرانی مزید سخت کی جائے تاکہ نتائج جلد سامنے آ سکیں، ڈپٹی کمشنر مٹیاری

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت)ڈپٹی کمشنر مٹیاری محمد یوسف شیخ نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی ہے کہ ضلع میں جاری غذائی قلت اور ممتا پروگرام کو مزید تیز کیا جائے اور اس کی سخت نگرانی یقینی بنائی جائے تاکہ اس کے نتائج جلد سامنے آ سکیں۔ انہوں نے یہ ہدایات آج لطیف ہال مٹیاری میں غذائی قلت اور ممتا پروگرام کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے دیں۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ موجودہ مہنگائی کے دور میں زیادہ تر غریب افراد غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں، جس کے پیش نظر ضروری ہے کہ غذائی قلت اور ممتا پروگرام کو مؤثر بنایا جائے تاکہ عوام اس سے حقیقی فائدہ حاصل کر سکیں۔

اجلاس میں ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ممتا پروگرام عابدہ نوید نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ممتا پروگرام کے تحت حاملہ خواتین اور دودھ پلانے والی ماؤں کو بینک الفلاح کے ذریعے 30 ہزار روپے کی مالی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد زندگی کے ابتدائی 1000 دنوں کے دوران ماں اور بچے کی صحت کو بہتر بنانا اور سماجی تحفظ کے نظام کو مضبوط کرنا ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک 34,666 خواتین کو ممتا پروگرام کے تحت رجسٹر کیا جا چکا ہے۔

بریفنگ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنر مٹیاری نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ آگاہی اور رجسٹریشن کی سرگرمیوں کو مزید تیز کیا جائے، جبکہ مستحق خواتین کو ادائیگیاں بغیر کسی کٹوتی کے یقینی بنائی جائیں۔اجلاس میں تمام متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

مزید خبریں

Back to top button