نورا فتیحی نے عالمی امن کی اپیل پر تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دے دیا

ممبئی (جانوڈاٹ پی کے)مراکشی نژاد کینیڈین اداکارہ و ڈانسر نورا فتیحی نے اپنی عالمی امن کی اپیل پر تنقید اور اسے غلط رنگ دینے والوں کو کرارا جواب دے دیا۔

نورا فتیحی نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی بالخصوص امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان جاری حالیہ تنازع کے تناظر میں عالمی امن کیلیے کی جانے والی اپنی دلی اپیل پر ہونے والی آن لائن تنقید کا سخت جواب دیا۔

انہوں نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پیغام شیئر کیا تھا جس میں انہوں نے عالمی بے چینی کی خبروں کے درمیان اتحاد، ہمدردی اور امن کی ضرورت پر زور دیا۔

اداکارہ و ڈانسر نے مداحوں کو بتایا تھا کہ وہ اس وقت بھارت میں محفوظ ہیں، تاہم انہوں نے ان لوگوں کیلیے اپنی تشویش کا اظہار کیا جو خطے سے آنے والی پریشان کن تصاویر اور بار بار ہونے والے تنازعات کی وجہ سے ذہنی اضطراب کا شکار ہیں۔

ان کے اس پیغام پر سوشل میڈیا پر غیر متوقع ردعمل سامنے آیا جہاں کچھ صارفین نے امن کی اپیل کا غلط مطلب نکالا یا جیو پولیٹیکل معاملات میں ان کی مداخلت پر تنقید کی۔

نورا فتیحی نے جواب میں ایک اور ویڈیو پوسٹ کی جس میں انہوں نے اپنے مؤقف کا دفاع کیا اور ناقدین کو براہ راست مخاطب کیا۔ ویڈیو میں ان کا کہنا تھا کہ لوگ سمجھ بوجھ اور سننے کی صلاحیت کھو چکے ہیں، وہ ردعمل دینے سے پہلے گہرائی سے سوچیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ میرا امن اور اتحاد کا پیغام قومیت، مذہب یا پس منظر سے بالاتر ہو کر ہر ایک کیلیے تھا، اگر آپ افراتفری کے خلاف بولتے ہیں اور چاہتے ہیں کہ لوگ امن سے رہیں یا بجائے اس کی حمایت کرنے کے آپ کو اس بات سے بھی مسئلہ ہے تو آپ کو اپنا معائنہ کرنے کی ضرورت ہے، اخلاقی طور پر آپ کے ساتھ کچھ نہ کچھ غلط ہے۔

نورا فتیحی نے اس بات کا بھی ذکر کیا کہ دنیا بھر میں مسلسل تنازعات اور افراتفری دیکھنا کتنا تکلیف دہ ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپنی ذاتی سوچ بچار کے دوران روزہ افطار کرنے سے ٹھیک پہلے وہ اس بات پر حیران رہ گئیں کہ کس طرح لوگ امن کی اپیل پر بھی غصے کا اظہار کر سکتے ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button