ماریا کورینا ماچادو نے نوبل امن انعام امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کردیا

کراکس(مانیٹرنگ ڈیسک) وینیزویلا کی اپوزیشن رہنما ماچادو نے انعام جیتنے کے بعد اسے اپنے عوام اور سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نام کیا ہے جبکہ وائٹ ہاؤس نے کمیٹی کے فیصلے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے اسے ایک بار پھر ’’امن پر سیاست کو فوقیت دی‘‘ قرار دیا۔
ناروے کی نوبل کمیٹی نے 2025 کا نوبل امن انعام ماریا کورینا ماچادو کو جمہوری اقدار کے فروغ اور آمریت کے خلاف جدوجہد پر دیا۔ کمیٹی نے انہیں ’’بہادر اور پرعزم امن کی علمبردار‘‘ قرار دیا جو ’’اندھیروں میں بھی جمہوریت کی شمع روشن رکھے ہوئے ہیں‘‘۔
ماچادو نے انعام ملنے کے بعد ایکس پر لکھا کہ یہ وینیزویلا کے عوام کی جدوجہد کا اعتراف ہے۔ ان کے مطابق، ملک آزادی کے قریب ہے اور آج انہیں صدر ٹرمپ، امریکی عوام، لاطینی امریکہ اور دنیا کی جمہوری اقوام کی حمایت پہلے سے زیادہ درکار ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ یہ انعام ’’وینیزویلا کے مصیبت زدہ عوام اور صدر ٹرمپ‘‘ کے نام کرتی ہیں۔
ماچادو کو 2024 کے صدارتی انتخابات میں حصہ لینے سے روک دیا گیا تھا، جو صدر نکولس مادورو نے جیتے، تاہم انہیں عالمی سطح پر آزاد اور شفاف قرار نہیں دیا گیا۔ انتخابات کے بعد ماچادو زیادہ تر روپوش رہیں۔
ڈونلڈ ٹرمپ بھی اس سال کے نوبل امن انعام کے امیدوار تھے اور انہوں نے اسے جیتنے کے لیے مہم چلائی تھی۔ اعلان کے بعد وائٹ ہاؤس نے ردعمل میں کہا کہ کمیٹی نے ایک بار پھر ’’امن پر سیاست کو فوقیت دی‘‘۔



