وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو آج نیویارک کی عدالت میں پیش کیا جائے گا

صدر مادورو پر منشیات کی عالمی اسمگلنگ اور دہشت گردی کی سرپرستی کے سنگین الزامات ہیں

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک) امریکی افواج کے ہاتھوں گرفتار وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو آج مین ہیٹن کی وفاقی عدالت میں پیش کیا جائے گا، جہاں ان پر منشیات کی عالمی اسمگلنگ اور دہشت گردی کی سرپرستی کے سنگین الزامات کی سماعت کی جائے گی۔

امریکی پراسیکیوٹرز کے مطابق نکولس مادورو نے اپنے دورِ حکومت میں وینزویلا کو بین الاقوامی منشیات کارٹیلز کا محفوظ ٹھکانہ بنا دیا تھا اور ریاستی وسائل کو غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال کیا گیا۔

ذرائع کے مطابق اتوار کی شام صدر مادورو کو خصوصی طیارے کے ذریعے نیویارک منتقل کیا گیا، جہاں پہنچنے کے فوراً بعد انہیں شہر کی ایک انتہائی محفوظ جیل میں رکھا گیا۔

یاد رہے کہ ہفتے کے روز امریکی خصوصی فورسز نے وینزویلا کے دارالحکومت کاراکاس میں کارروائی کرتے ہوئے صدر نکولس مادورو اور ان کی اہلیہ سیلیا فلوریس کو گرفتار کیا تھا، جس کے بعد دونوں کو فوری طور پر امریکا منتقل کر دیا گیا۔

دوسری جانب نیویارک کے علاقے بروکلین میں قائم حراستی مرکز کے باہر سینکڑوں افراد جمع ہو گئے، جنہوں نے امریکی مداخلت کے خلاف شدید احتجاج کیا۔ مظاہرین نے نکولس مادورو کے حق میں نعرے لگائے اور امریکا کی جانب سے وینزویلا کے داخلی معاملات میں مداخلت کو عالمی قوانین کی خلاف ورزی قرار دیا۔

مزید خبریں

Back to top button