ایران کے شدید حملے، مشرق وسطیٰ میں امریکی تنصیبات بڑے نقصان سے دوچار

نیویارک(ویب ڈیسک) امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز نے انکشاف کیا ہے کہ حالیہ جنگ کے دوران مشرق وسطیٰ میں امریکی تنصیبات کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا ہے۔
سیٹلائیٹ تصاویر پر مشتمل رپورٹ میں امریکی اخبار نے کہا کہ ایران نے امریکی اور اتحادی اہداف پر ڈرون اور میزائل حملے کیے، جن میں امریکی فوجی اڈوں، فضائی دفاعی نظام اور سفارتی مقامات کو نشانہ بنایا گیا۔
مشرق وسطیٰ میں کم از کم 17 امریکی مقامات کو نقصان پہنچا، جن میں 11 امریکی فوجی اڈے یا فوجی تنصیبات بھی شامل ہیں، سعودی عرب کے پرنس سلطان ایئر بیس، قطر کے العدید ایئربیس کو نشانہ بنایا گیا جبکہ کویت کے علی السالم ایئر بیس اور کیمپ بوہرنگ بھی حملوں سے متاثر ہوا۔
رپورٹ کے مطابق بحرین میں امریکی بحریہ کے ففتھ فلیٹ ہیڈ کوارٹر کو بھی شدید نقصان پہنچا، جبکہ متحدہ عرب امارات کے الظفرہ ایئر بیس اور جبل علی پورٹ بھی ایرانی حملوں میں متاثر ہوئے۔



