عابد شیر علی کا حکومتی فیصلے پر اعتراض، نیٹ میٹرنگ پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)رہنما مسلم لیگ (ن) عابد شیر علی نے نیٹ میٹرنگ پالیسی پر نظرثانی کا مطالبہ کردیا۔

نجی ٹی وی کےپروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے عابد شیر علی نے کہا کہ نیٹ میٹرنگ پالیسی پر نظرثانی کرنی چاہیے، یہ فیصلہ درست نہیں۔ حکومتی فیصلے پر عوام میں غصہ پایا جاتا ہے، پارلیمان میں بحث ہونی چاہیے تھی۔

عابد شیرعلی نے کہا کہ اتفاق رائے سے نیٹ میٹرنگ پالیسی بناتے اور اِس پر عمل کرتے، پالیسی سےانحراف کےنتائج ہوں گے۔

دوسری جانب سینیٹ کے اجلاس میں وفاقی وزیر توانائی سردار اویس لغاری نے سولر نیٹ میٹرنگ سے متعلق نیپرا کے فیصلے کا کامیاب دفاع کیا۔ ایوان نے پی ٹی آئی سینیٹر زرقا سہروردی کی سولر نیٹ میٹرنگ سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے مسترد کردی۔

وزیر توانائی اویس لغاری نے کہا کہ پی ٹی آئی کے دور میں بجلی کی قیمت آسمان پر چلی گئی تھی جسے سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ نیپرا نے نیٹ میٹرنگ ریگولیشنز میں تبدیلی کے ذریعے صارفین سے طے شدہ معاہدے کی کسی ایک بھی شق کو واپس نہیں لیا ۔ 7 سال کا معاہدہ تھا وہ جب تک اختتام کو نہیں پہنچتا کوئی بھی نئی ٹرم اینڈ کنڈیشنز لانے کی جرات نہیں کرسکتا۔

وزیر توانائی نے کہا کہ تین کروڑ 45 لاکھ مجموعی صارفین میں سے صرف چار لاکھ 66 ہزار نیٹ میٹرنگ والے ہیں۔ نیپرا 26 روپے یونٹ خریدنے کی اجازت دیتا تو عام صارفین پر  بوجھ بڑھ کر ساڑھے 5 ارب روپے سالانہ ہوجاتا۔  ہم نے آئی پی پیز کو سنبھالا اور بڑے بڑے سیٹھوں سے نہیں ڈرے۔

مزید خبریں

Back to top button