ایک سال میں بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی جانب سے قومی خزانے کو 472 ارب کا ٹیکہ، رپورٹ جاری

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے مالی سال 25 – 2024 میں ترسیلی اور تقسیمی نقصانات سمیت کم وصولیوں کی مد میں قومی خزانے کو 472 ارب روپے نقصان پہنچایا ۔
نیپرا نے بجلی تقسیم کار کمپنیوں کی گزشتہ مالی سال کی کار کر دگی رپورٹ جاری کر دی ۔
نیپرا رپورٹ کے مطابق مالی سال 25 -2024 کے دوران ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے ترسیلی اور تقسیمی نقصانات کی مد میں 265 ارب روپے کا نقصان کیا ۔
سب سے زیادہ پشاور الیکٹرک سپلائی کمپنی پیسکو نے 87 ارب 48 کروڑ روپے نقصان کیا ۔ کوئٹہ الیکٹرک سپلائی کمپنی 52 ارب 41 کروڑ ، سکھر الیکٹرک پاور 36 ارب 4 کروڑ، لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی کا 35 ارب 17 کروڑ روپے اور حیدرآباد الیکٹرک سپلائی کمپنی کا 27 ارب ، 14 کروڑ روپے کا نقصان شامل ہے۔
نیپرا رپورٹ کے مطابق ملتان الیکٹرک پاور کمپنی نے 14 ارب روپے جبکہ فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی نے سب سے کم 2 ارب 97 کروڑ روپے کا نقصان کیا ۔
آئیسکو نے 4 ارب، 78 کروڑ اور گوجرانوالہ الیکٹرک پاور کمپنی کا نقصان ساڑھے 5 ارب روپے رہا ۔
کے الیکٹرک کے ترسیلی و تقسیمی نقصانات رپورٹ میں شامل نہیں کیے گئے۔
اس کے علاوہ ملک بھر کی بجلی تقسیم کار کمپنیوں نے مالی سال 25 -2024 میں 207 ارب روپے کے نقصانات کم وصولیوں کی مد میں کیے ۔
ان میں ڈسکوز کے نقصانات 132 ارب جبکہ کے الیکٹرک کے نقصانات 74 ارب 66 کروڑ روپےہیں۔
رپورٹ کے مطابق بجلی کی ترسیل ، تقسیم اور کم وصولیوں کی مد میں نقصانات پاور سیکٹر کے گردشی قرض میں اضافے کا بڑا سبب ہیں۔



