میرے معصوم شوہر کو نہ گھسیٹو‘‘، نیہا ککڑ طلاق کی افواہوں پر سوشل میڈیا صارفین پر برس پڑیں

ممبئی(جانوڈاٹ پی کے)بالی ووڈ کی معروف گلوکارہ نیہا ککڑ کی جانب سے سوشل میڈیا پر ایک مبہم پیغام سامنے آنے کے بعد ان کی شادی سے متعلق قیاس آرائیاں شروع ہوگئی تھیں۔

تاہم اب نیہا نے ایک نئی پوسٹ کے ذریعے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ان کے شوہر روہن پریت سنگھ اور خاندان کو اس معاملے میں گھسیٹنا درست نہیں۔

نیہا ککڑ نے انسٹاگرام اسٹوریز پر لکھا کہ لوگ ان کے ’’معصوم شوہر‘‘ اور ’’سب سے پیارے خاندان‘‘ کو تنقید کا نشانہ نہ بنائیں کیونکہ وہی لوگ ہیں جن کی حمایت کی بدولت وہ آج اس مقام پر ہیں۔ ان کے مطابق وہ کچھ دوسرے افراد اور نظام سے ناخوش ہیں، نہ کہ اپنی ازدواجی زندگی سے۔

گلوکارہ نے مزید کہا کہ انہیں سوشل میڈیا پر جذباتی انداز میں بات نہیں کرنی چاہیے تھی کیونکہ میڈیا بعض اوقات چھوٹی بات کو بڑا بنا دیتا ہے۔ انہوں نے لکھا کہ اس واقعے سے انہیں سبق ملا ہے اور اب وہ اپنی ذاتی زندگی پر کھل کر بات نہیں کریں گی۔

اپنے پیغام کے اختتام پر نیہا نے خود کو حد سے زیادہ جذباتی قرار دیتے ہوئے مداحوں سے محبت کا اظہار کیا اور یقین دلایا کہ وہ جلد ہی ایک نئے جوش کے ساتھ واپس آئیں گی۔ ساتھ ہی انہوں نے معذرت بھی کی اور کہا کہ انہیں غلط سمجھا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل نیہا ککڑ نے ایک پوسٹ میں اعلان کیا تھا کہ وہ ذمے داریوں، تعلقات اور کام سے وقتی وقفہ لے رہی ہیں، اور انہوں نے فوٹوگرافروں اور مداحوں سے درخواست کی تھی کہ انہیں فلمایا نہ جائے اور ان کی نجی زندگی کا احترام کیا جائے۔ یہی پیغام بعد ازاں حذف کردیا گیا تھا، جس کے بعد ان کی طلاق سے متعلق چہ مگوئیاں شروع ہوگئیں۔

مزید خبریں

Back to top button