پاکستان اور عمان کے رائل نیوی کے درمیان وائٹ شپنگ معلومات کے تبادلے سے متعلق ایم اویو پر دستخط

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)عمان کے رائل نیوی کے کمانڈر، ریئر ایڈمرل سیف بن ناصر بن محسن الرحبی نے اسلام آباد میں نیول ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف دی نیول سٹاف ایڈمرل نوید اشرف سے ملاقات کی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی بحری سلامتی اور دوطرفہ بحری تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا، معزز مہمان نے پاکستان نیوی کے پیشہ ورانہ معیار کی تعریف کی اور خطے میں بحری سلامتی اور استحکام کے لیے اس کی مسلسل کوششوں کو سراہا۔

چیف آف دی نیول اسٹاف اور رائل نیوی آف عمان کے کمانڈر نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں ایک تقریب کے دوران وائٹ شپنگ معلومات کے اشتراک سے متعلق مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے، اس کا مقصد معلومات کے اشتراک کے لیے رہنما اصول اور طریقہ کار قائم کرنا ہے تاکہ وائٹ شپنگ کے بارے میں باہمی آگاہی میں اضافہ ہو۔

پاکستان اور اومان جغرافیائی طور پر ایک دوسرے کے قریب واقع ہیں اور مشترکہ بحری سرحدیں رکھتے ہیں۔ دونوں برادر ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کا دائرہ کار وسیع ہے جس میں معاشی تعاون، عوامی روابط اور مضبوط دفاعی تعلقات شامل ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button