خیبر پختونخوا میں بارش کے دوران مکانات گرنے، آسمانی بجلی اور دیواریں گرنے سے 18افراد ہلاک، 40 زخمی

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں بارش کے دوران  مکانات کی چھتیں، آسمانی بجلی اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 18 افراد جاں بحق اور 40  سے  زائد زخمی  ہوگئے۔

خیبر پختونخوا کے مختلف اضلاع میں بارش کا سلسلہ  وقفے وقفے سے جاری ہے۔

ایبٹ آباد میں مکان کی چھت گرنے سے 4 بچوں سمیت 5 افراد، بنوں میں دو دنوں میں 8 افراد جب کہ کوہاٹ میں کچے مکان کی چھت گرنے سے 2 بچے جاں بحق ہوگئے۔

بٹ گرام میں مکان کی چھت گرنے سے ایک خاتون جاں بحق جب کہ ایک خاتون زخمی ہوگئی۔

ضلع سوات میں مالم جبہ روڈ سمیت مختلف مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث ٹریفک متاثر ہے۔ دریائے سوات میں طغیانی کے  پیش نظر مینگورہ کے نشیبی علاقوں سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی شروع کر دی گئی ہے۔

دوسری جانب پنجاب ، بلوچستان اور آزادکشمیر کے مختلف حصوں میں تیز بارش اور بعض علاقوں میں ژالہ باری ہوئی ۔ بلوچستان کے مختلف اضلاع میں بارشوں کے باعث 4افراد جاں بحق اور 7 زخمی ہوگئے۔

شمالی و مشرقی بلوچستان اور کوہ سلیمان رینج میں دوسرے روز بھی تیز بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی۔ سیلابی ریلوں سے این ففٹی ہائی وے دانا سر اور درابند کے مقامات سمیت متعدد شاہراہیں بند ہیں جب کہ بلوچستان اور خیبرپختونخوا کا زمینی رابطہ متاثر ہے۔

پنجاب کے ضلع سرگودھا، حافظ آباد اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی بارش اور ژالہ باری ہوئی۔

مظفر آباد میں تیز بارش اور ژالہ باری ہوئی،  وادی نیلم میں بارش اور پہاڑوں پر برف باری کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے۔ بجلی کا نظام متاثر ہےجب کہ لینڈسلائیڈنگ سے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہیں۔

مزید خبریں

Back to top button