سکھر میں انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا جائزہ، 1,204 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں

سکھر (جانوڈاٹ پی کے) ڈپٹی کمشنر سکھر نادر شہزاد خان کی صدارت میں ضلع سکھر کی پولیو ایریڈیکیشن کمیٹی (ڈی پی ای سی) کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں فروری میں ہونے والی قومی انسدادِ پولیو مہم کی تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں تمام متعلقہ محکموں اور اسٹیک ہولڈرز کے درمیان مؤثر رابطہ، ہم آہنگی اور باہمی تعاون پر زور دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع کی یونین کونسلز کی تعداد 60 سے بڑھا کر 85 کر دی گئی ہے تاکہ مہم کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ نئی یوسیز کے مطابق ٹیموں کی ری-مَیپنگ، حدود کا تعین اور فیلڈ واک تھرو سیشنز کیے جائیں، اور تمام ٹیمیں مائیکرو پلاننگ مکمل کریں۔ ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ مہم میں کسی قسم کی غفلت یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جائے گی اور ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کارروائی ہوگی۔

اجلاس میں بریفنگ میں بتایا گیا کہ سال 2024 کے بعد ضلع سکھر میں پولیو کا کوئی کیس رپورٹ نہیں ہوا۔ زیرو ڈوز کوریج میں صالح پٹ اور روہڑی یونین کونسلز میں نمایاں بہتری دیکھی گئی۔ آئندہ مہم کے لیے ضلع بھر میں 1,204 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو پانچ سال سے کم عمر بچوں کو قطرے پلائیں گی، ہائی رسک علاقوں اور ٹرانزٹ پوائنٹس پر خصوصی توجہ دی جائے گی، جبکہ مانیٹرنگ اور سپروائزری نظام کو مزید فعال بنایا جائے گا۔

مزید خبریں

Back to top button