واشنگٹن: وائٹ ہاؤس کے قریب نیشنل گارڈ کے 2 اہلکار فائرنگ میں ہلاک، مشتبہ شخص گرفتار

واشنگٹن(جانوڈاٹ پی کے) امریکی ریاست واشنگٹن میں وائٹ ہاؤس کے قریب  نیشنل گارڈ کے 2 اہلکاروں کو گولی مار کرہلاک کردیاگیا۔

امریکی میڈیا کے مطابق وائٹ ہاؤس کے قریب ایک شخص نے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں وہ شدید زخمی ہوگئے۔

رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس کی بھاری نفری جائے وقوعہ پہنچ گئی۔  فائرنگ سے زخمی ہونے والے دونوں اہلکاروں کو  فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا تاہم وہ  زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے۔

پولیس نے بتایا کہ فائرنگ کرنے والے ایک مشتبہ شخص کو حراست میں لے لیا گیا۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکرٹری کیرولین لیوٹ نے کہا کہ وہ تمام تر صورت حال پر نظر رکھے ہوئے ہیں اور صدر ٹرمپ کو فائرنگ کے واقعے سے متعلق بریفنگ دیدی گئی ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق فائرنگ کے واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس کو عارضی طور پر بند کردیا گیا۔ جائے وقوعہ کے اطراف کے علاقے کو بھی سیل کردیا گیا، پولیس نے شہریوں کو آئی اسٹریٹ کے قریب جانے سے گریز کی ہدایت کی ہے۔

امریکی ہوم لینڈ سکیورٹی کی سیکرٹری نے کہا کہ ہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر معلومات اکٹھی کر رہے ہیں۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے واقعے پر  رد عمل دیتے ہوئے نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے شخص کو جانور قرار دیدیا۔ ٹرمپ نے خبردار کیا کہ نیشنل گارڈ کے اہلکاروں پر فائرنگ کرنے والے شخص کو بھاری قیمت چکانی ہوگی۔

دونوں اہکاروں کا تعلق ریاست ویسٹ ورجینیا سے تھا، ویسٹ ورجینیا کے گورنر نے کہا کہ وہ وفاقی حکام کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہیں اور تحقیقات کی جاری ہیں۔

دوسری جانب فائرنگ کے واقعے کے بعد واشنگٹن کے رونالڈ ریگن ائیرپورٹ پر پر وازوں کو سکیورٹی کی وجہ سے گراؤنڈ کیا گیا تاہم کچھ دیر کی بندش کے بعد ائیرپورٹ پر معمول کی کارروائیاں دوبارہ شروع کردی گئیں۔

مزید خبریں

Back to top button