خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کی نیشنل گیمز میں شاندار کارکردگی، پشاور میں پروقار اعزازی تقریب

پشاور(جانوڈاٹ پی کے)35ویں نیشنل گیمز کراچی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں کے اعزاز میں پشاور اسپورٹس کمپلیکس میں ایک پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی مشیر برائے کھیل و امورِ نوجوانان تاج محمد خان ترند تھے۔
مہمانِ خصوصی نے گولڈ میڈل جیتنے والے کھلاڑیوں کے لیے صوبائی حکومت کی جانب سے 6 لاکھ روپے، سلور میڈلسٹ کے لیے 4 لاکھ روپے جبکہ براونز میڈل حاصل کرنے والے کھلاڑیوں کے لیے 2 لاکھ روپے نقد انعامات کا اعلان کیا۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی تاج محمد خان ترند نے کھلاڑیوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان ہیروز نے محدود وسائل کے باوجود بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کر کے صوبے کا نام روشن کیا ہے، جس پر وہ خراج تحسین کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے کھلاڑیوں میں بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے اور وہ دیگر صوبوں کے کھلاڑیوں کو شکست دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔



