حکومت اور اپوزیشن مذاکراتی کمیٹی تشکیل دیں، صدر، وزیراعظم اور نواز شریف سیاسی قیدیوں سے ملکر قومی مذاکرات کو وسعت دیں،نیشل ڈائیلاگ کمیٹی کانفرنس کا مطالبہ

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے حکومت اور اپوزیشن پر زور دیا ہے کہ جلد از جلد مذاکرات کیلئے باضابطہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں۔ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے تجویز دی ہے کہ صدر پاکستان، نواز شریف اور وزیراعظم پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی سیاسی قیدیوں کے ساتھ ملکر نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے دائرہ کار کو وسعت دیں۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے زیر اہتمام قومی ڈائیلاگ کا انعقاد اسلام آباد میں کیا گیا، جس میں سیاسی جماعتوں، وکلا اور دانشوروں نے شرکت کی۔ قومی کانفرنس میں جماعت اسلامی، ایم کیو ایم سمیت دیگر سیاسی جماعتوں کے نمائندے شریک ہوئے۔
ڈائیلاگ کے دوران حکومت اور اپوزیشن کے درمیان مذاکرات کے طریقہ کار، سیاسی کشیدگی میں کمی اور درجہ حرارت کم کرنے سے متعلق مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ اعلامیہ فواد چوہدری نے پڑھ کر سنایا۔
اعلامیہ میں تجویز دی گئی کہ صدر پاکستان، نواز شریف اور وزیراعظم پر مشتمل ایک اعلیٰ سطحی کمیٹی تشکیل دی جائے، جو سیاسی قیدیوں کے ساتھ مل کر نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کے دائرہ کار کو وسعت دے۔
نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں فوری طور پر اپوزیشن لیڈر کی تقرری عمل میں لائی جائے، جبکہ خواتین سیاسی کارکنوں کو فوری طور پر بحال کیا جائے۔ اعلامیہ میں کہا گیا کہ سیاسی کارکنان کی رہائی کے بعد حکومت پر مذاکرات کے حوالے سے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ میڈیا پر عائد سنسر شپ کا خاتمہ کیا جائے اور سیاسی بنیادوں پر قائم مقدمات واپس لیے جائیں۔
نیشنل ڈائیلاگ میں بات چیت کے عمل کو جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا، شہدا کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی گئی، جبکہ نیشنل ڈائیلاگ کمیٹی کا آئندہ اجلاس ملتان میں منعقد کرنے کا اعلان کیا گیا۔



