اوکاڑہ میں ڈی پی ایس سکول میں یومِ پاکستان کی پروقار تقریب،سیاسی و سماجی شخصیات کی بھرپور شرکت

اوکاڑہ ( رپورٹ وحیدآرائیں/ جانوڈاٹ پی کے )یومِ پاکستان کے موقع پر ڈی پی ایس سکول میں پروقار، شاندار اور حب الوطنی کے جذبات سے سرشار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں اسسٹنٹ کمشنر صائمہ نذیر اور ڈی ایس پی غازی محمد آصف نے بطور خصوصی شخصیات شرکت کی، جبکہ پرنسپل ڈی پی ایس سکول، سابق ناظم چوہدری شوکت رسول، سابق کونسلر محمد آصف مون بھٹی اور شہر بھر کی معزز شخصیات و شہریوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔تقریب کا ماحول قومی جوش و جذبے سے بھرپور تھا، جہاں وطنِ عزیز پاکستان سے محبت، قومی یکجہتی اور تحریکِ پاکستان کے عظیم مقاصد کو بھرپور انداز میں اجاگر کیا گیا۔ اس موقع پر مقررین نے 23 مارچ کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہ دن ہمیں اتحاد، قربانی اور قومی یکجہتی کا درس دیتا ہے، تقریب کی نمایاں جھلک پولیس کے چاک و چوبند دستے کی شاندار پیشی تھی، جس نے سلامی اور مارچ پاسٹ کے ذریعے حاضرین سے خوب داد وصول کی۔ پولیس جوانوں نے نظم و ضبط، پیشہ ورانہ مہارت اور قومی وقار کا بہترین مظاہرہ کرتے ہوئے تقریب کو مزید باوقار بنا دیا، ا س موقع پر اسسٹنٹ کمشنر صائمہ نذیر نے اپنے خطاب میں کہا کہ 23 مارچ ہماری قومی تاریخ کا ایک روشن اور سنہری باب ہے، جس نے ہمیں ایک آزاد وطن کی صورت میں عظیم نعمت عطا کی۔ ہمیں چاہیے کہ ہم قائداعظمؒ کے اتحاد، ایمان اور تنظیم کے سنہری اصولوں کو اپناتے ہوئے پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں، جبکہ ڈی ایس پی غازی محمد آصف نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا یومِ پاکستان ہمیں اپنے اسلاف کی قربانیوں کی یاد دلاتا ہے۔ نئی نسل کو چاہیے کہ وہ وطنِ عزیز کی قدر کرے، قانون کی پاسداری کو اپنا شعار بنائے اور پاکستان کو مضبوط، پرامن اور ترقی یافتہ بنانے میں اپنا مثبت کردار ادا کرے۔شرکاء نے تقریب کو بے حد سراہتے ہوئے کہا کہ اس قسم کی پروقار تقریبات نوجوان نسل میں حب الوطنی، قومی شعور اور نظم و ضبط کے جذبات کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ تقریب کے اختتام پر ملک کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا بھی کی گئی

مزید خبریں

Back to top button