سکھر:صوبائی وزیر بلدیات ناصر حسین شاہ کا جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ ،منصوبے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا

سکھر(جانوڈاٹ پی کے)صوبائی وزیر بلدیات سندھ سید ناصر حسین شاہ نے روہڑی میں سندھ کے پہلے جدید واٹر فلٹریشن پلانٹ کا دورہ کیا اور منصوبے کی پیش رفت، تکنیکی پہلوؤں اور کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ اس موقع پر انہوں نے میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے روہڑی-سکھر کے درمیان نئے پل کے مجوزہ منصوبے پر بھی روشنی ڈالی۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ روہڑی شہر کے عوام کو صاف اور معیاری پینے کے پانی کی فراہمی کے لیے ایک اہم اور منفرد منصوبہ جلد شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت شہریوں کو مفت صاف پانی فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ اس منصوبے کی لاگت تقریباً 66 کروڑ روپے ہے اور یہ منصوبہ نہ صرف روہڑی بلکہ ملحقہ علاقوں کے رہائشیوں کے لیے بھی نہایت مفید ثابت ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ صاف پانی کا منصوبہ ایک ماڈل پراجیکٹ کی حیثیت رکھتا ہے جسے پورے سندھ میں روہڑی سے شروع کیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ویژن کے مطابق عوام تک بنیادی سہولیات، خصوصاً صاف پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ سید ناصر حسین شاہ نے لینس ڈاؤن پل کے متبادل نئے پل کی منظوری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے سے سکھر اور روہڑی کے درمیان آمد و رفت میں نمایاں بہتری آئے گی۔ انہوں نے بتایا کہ متعلقہ ٹیکنیکل ٹیمیں نئے پل کے ڈیزائن اور مقام کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہیں اور جلد اس منصوبے پر عملی کام کا آغاز کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ پل نہ صرف مقامی ٹریفک کے لیے سہولت فراہم کرے گا بلکہ بلوچستان اور پنجاب سے آنے والے مسافروں کو بھی فائدہ پہنچائے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت تنقید کا جواب دینے کے بجائے عملی کام پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں انفراسٹرکچر کی بہتری کے لیے ترقیاتی کام تیزی سے جاری ہیں اور بلدیاتی ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے نبھا رہے ہیں۔ انہوں نے سیاسی سوالات کے جواب میں کہا کہ بعض عناصر بلاجواز پروپیگنڈا کر رہے ہیں جس کی کوئی حقیقت نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت اپنی آئینی ذمہ داریوں کے تحت عوامی خدمت میں مصروف ہے اور تمام اداروں کا احترام کیا جاتا ہے۔ عالمی صورتحال کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ موجودہ بین الاقوامی حالات کے پیش نظر توانائی کے بحران سے بچاؤ کے لیے مؤثر اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سندھ حکومت ایندھن کے استعمال میں کمی لانے اور توانائی کے وسائل کے بہتر استعمال کے لیے حکمت عملی ترتیب دے رہی ہے، جس کے تحت سرکاری گاڑیوں کے ایندھن میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر عالمی سطح پر کشیدگی میں اضافہ ہوتا ہے تو توانائی کے مسائل بھی بڑھ سکتے ہیں، لہٰذا پیشگی اقدامات ناگزیر ہیں۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان ہمیشہ اپنے برادر ممالک کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے اپنا مثبت کردار ادا کرتا رہے گا۔ آخر میں صوبائی وزیر نے کہا کہ حکومت سندھ عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں کو ترجیحی بنیادوں پر مکمل کرنے کے لیے پرعزم ہے اور شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کوئی کسر نہیں چھوڑی جائے گی۔



