اسلام آباد ہائیکورٹ نے نجف حمید کے ضمانت کیس میں نوٹس جاری کر دیے

اسلام آباد (جانوڈاٹ پی کے)اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق ڈی جی آئی ایس آئی فیض حمید کے بھائی نجف حمید کے خلاف فراڈ کے مقدمے میں ضمانت کی بحالی سے متعلق درخواست پر نوٹس جاری کر دیے ہیں۔
اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس راجہ انعام امین منہاس نے کیس کی سماعت کی، جہاں نجف حمید اپنے وکلا قدیر جنجوعہ اور احد کھوکھر کے ہمراہ پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران وکلا نے عدالت سے استدعا کی کہ نجف حمید کی ضمانت منسوخ کرنے کے فیصلے کو معطل کیا جائے۔ جسٹس انعام امین منہاس نے کہا کہ نوٹس جاری کر دیے گئے ہیں اور پہلے فریقین کے جوابات موصول ہونے کے بعد تحریری حکم نامہ جاری کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ نجف حمید نے ایف آئی اے کی جانب سے درج مقدمے میں اپنی ضمانت منسوخی کے فیصلے کو اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کیا ہوا ہے۔



