گلگت، گلیشیئر کا پگھلاؤ،پانی کی سطح بلند ، الرٹ جاری

گلگت(جانوڈاٹ پی کے)ضلع نگر کے آخری گاؤں ہسپر میں شدید گرمی کے باعث گلیشیئرز کے پگھلاؤ میں تیزی آنے سے دریائی کٹاؤ اور لینڈ سلائیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے نتیجے میں علاقے میں صورتحال خطرناک شکل اختیار کر گئی ہے۔
ہسپر اور ہوپر گلیشیئر کے پگھلنے سے دریائے ہنزہ میں پانی کی سطح مسلسل بلند ہو رہی ہے، جبکہ نگر خاص چوک سے آگے متعدد رابطہ سڑکیں بند ہو چکی ہیں، جس سے مقامی آبادی اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
اس صورتحال پر نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے پہلے ہی الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ درجہ حرارت میں اضافے کے باعث گلگت بلتستان میں گلیشیئرز کے پگھلاؤ کی رفتار بڑھ گئی ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق ادارہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہے اور متعلقہ انتظامیہ کو دریا کے کنارے رہنے والے افراد کے لیے فوری حفاظتی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔
ترجمان نے عوام، خصوصاً گروجگلوٹ، رحیم آباد، نومل، جوتل، جگلوٹ کالونی اور چلمش کے رہائشیوں کو احتیاط برتنے اور غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کی تاکید کی ہے۔



