سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہا علی خان کی شادی میں اختلافات، شوہر حارث کھوکھر کا مؤقف سامنے آگیا

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) سوشل میڈیا انفلوئنسر ڈاکٹر نبیہا علی خان کے الزامات کے بعد ان کے شوہر حارث کھوکھر نے اپنا مؤقف جاری کیا ہے۔
ویڈیو بیان میں حارث کھوکھر نے کہا کہ ڈاکٹر نبیہا شک اور وہم کا شکار ہیں، اور ان کے درمیان کوئی سنجیدہ اختلاف نہیں تھا۔ انہوں نے بتایا کہ جب انہوں نے نیا کاروبار شروع کیا تو ڈاکٹر نبیہا کا مطالبہ تھا کہ ہر جگہ انہیں ساتھ لے جایا جائے، لیکن پیشہ ورانہ ملاقاتوں اور دیگر سماجی سرگرمیوں میں ایسا ممکن نہیں تھا۔
حارث کا کہنا تھا کہ وہ زندگی میں کبھی بھی کوئی غلط یا غیر قانونی کام نہیں کر چکے، لیکن ان کی اہلیہ بداعتمادی اور وہم میں مبتلا رہتی ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نہ کوئی جھگڑا ہوا، نہ مارپیٹ اور نہ ہی گالی کلام کا واقعہ پیش آیا، اور وہ گھر اور خاندان کی ذمہ داریاں نبھانے کے لیے کام جاری رکھنا چاہتے ہیں۔
واضح رہے کہ ڈاکٹر نبیہا علی خان نے گزشتہ سال حارث کھوکھر سے منگنی اور شادی کا اعلان کر کے مداحوں کو حیران کر دیا تھا، مگر شادی کے چند ماہ بعد اختلافات کی خبریں سامنے آنا شروع ہو گئیں۔
ڈاکٹر نبیہا نے حال ہی میں ایک ٹی وی پروگرام میں کہا تھا کہ ان کی شادی مشکلات کا شکار ہے، رشتہ ابھی ختم نہیں ہوا مگر حالات طلاق تک جا سکتے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ شوہر اپنے والدین کے اثر میں آ کر ان کے ساتھ ناروا رویہ اختیار کرتے ہیں اور اگر رشتہ ٹوٹا تو ذمہ دار ان کے شوہر کے گھر والے ہوں گے۔
ڈاکٹر نبیہا نے یہ بھی سوال اٹھایا کہ اگر گھر والوں کو پہلے سے کوئی اور رشتہ منظور تھا تو شادی میں انہیں کیوں شامل کیا گیا، جبکہ انہوں نے اپنی پیشہ ورانہ مصروفیات کم کر کے اور گھر کے تمام کام انجام دے کر شادی شدہ زندگی کو وقت دینے کی کوشش کی، مگر حالات بہتر نہ ہو سکے۔



