اپوزیشن نے حکومت سے مذاکرات کیلئے کوئی شرط نہیں رکھی، مصطفی نواز کھوکھر

اسلام آباد(جانوڈاٹ پی کے)تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے اپوزیشن کی جانب سے  حکومت سے مذاکرات کے لیے کسی قسم کی شرط رکھنے سے متعلق خبروں کو مسترد کردیا۔

تحریک تحفظ آئین پاکستان کے رہنما مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ اپوزیشن نے حکومت سے مذاکرات کے لیے کوئی شرط نہیں رکھی۔ انہوں نے واضح کیا کہ  پارلیمان کی بالادستی اور قانون کی حکمرانی پر بات چیت کرنا چاہتے ہیں۔

مصطفی نواز کھوکر  کا کہنا تھا کہ  وزیر اعظم شہباز شریف کی مذاکرات کی پیشکش پر اتحادیوں سے مشاورت کی ہے،  اس وقت ملک میں سیاسی اور معاشی بحران عروج پر ہے، جمہوریت میں دروازے بند نہیں کرنے چاہئیں۔

ادھر پی ٹی آئی رہنما اسد قیصر کا کہنا تھا کہ  تاثر  دیا جاتا ہے کہ ہم بات نہیں کرتے لیکن ہم نے دل بڑا کرکے دکھایا ہے، بغیر کسی شرط کے آئین کی بالادستی، قانون کی حکمرانی، عوام کے ووٹ کو تسلیم کرنے کا ایجنڈا دیا ہے۔

اسد قیصر  نے کہا کہ سب سے پہلے حکومت کی سنجیدگی دیکھیں گے کہ اس کا کیا ردِ عمل ہے۔

دوسری جانب جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے حکومت اور  اپوزیشن کے درمیان مذاکرات پر آمادگی کو مثبت قدم قرار دے دیا ۔

مزید خبریں

Back to top button