میرپورخاص:مسلم ایڈ یو کے کے وفد کا گلستانِ معذورین کا دورہ، فیصل آباد ٹرافی میں کامیابی پر خصوصی کھلاڑیوں کو خراجِ تحسین پیش کیا

میرپورخاص (شاھدمیمن) مسلم ایڈ یو کے کے وفد کا گلستانِ معذورین کا دورہ، خصوصی کھلاڑیوں کی کارکردگی کو خراجِ تحسین وفد کی قیادت ندیم خان، عبدالغفار اور حیدر نے کی، اجرک کے تحائف پیش، مستقبل میں تعاون جاری رکھنے کی یقین دہانی تفصیلات کے مطابق مسلم ایڈ یو کے کے وفد نے ندیم خان، عبدالغفار اور حیدر کی قیادت میں میرپورخاص اسپیشل اسپورٹس اینڈ ویلفیئر ایسوسی ایشن گلستانِ معذورین کا خصوصی دورہ کیا جہاں وفد نے خصوصی افراد کی فلاح و بہبود، کھیلوں کے فروغ اور سماجی شمولیت کے لئے جاری اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا اور ادارے کی کارکردگی کو سراہا۔ اس موقع پر وفد نے حال ہی میں فیصل آباد میں منعقدہ پانچویں انٹرلوپ قائدِاعظم وہیل چیئر کرکٹ ٹرافی 10 تا 14 فروری 2026 میں میرپورخاص کے کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی پر انہیں مبارکباد پیش کی اور کہا کہ کھلاڑیوں کا عزم و حوصلہ پورے خطے کے لئے باعثِ فخر ہے۔ وفد کے ارکان نے گراؤنڈ میں کھلاڑیوں کے ساتھ وقت گذارا اور ان کے ہمراہ کرکٹ کھیل کر ان کی حوصلہء افزائی کی۔ تقریب کے دوران جنرل سیکریٹری صلاح الدین، انفارمیشن سیکریٹری جے رام اور فیصل نے معزز مہمانوں کو اجرک کے تحائف پیش کئے۔ اس موقع پر گلستانِ معذورین کے سرپرست آفاق احمد خان نے مسلم ایڈ یوکے کے وفد کی آمد کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ بین الاقوامی اداروں کی توجہ اور تعاون سے خصوصی افراد کو بااختیار بنانے کے مشن کو مزید تقویت ملے گی جبکہ صدر قمرالدین ملک نے کہا کہ ہمارا مقصد خصوصی افراد کو معاشرے کا باوقار اور خودمختار شہری بنانا ہے اور ہم محدود وسائل کے باوجود اپنے مشن کو جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر چیف پیٹرن آفاق احمد خان، جنرل سیکریٹری صلاح الدین، انفارمیشن سیکریٹری جے رام، فیصل اور دیگر عہدیداران نے وفد کو مستقبل کے منصوبوں اور جاری سرگرمیوں پر بریفنگ دی جبکہ مسلم ایڈ کے نمائندگان نے یقین دلایا کہ وہ آئندہ بھی خصوصی افراد کی بہتری اور خودمختاری کے لئے اپنے تعاون کو جاری رکھیں گے۔

مزید خبریں

Back to top button