بلاول بھٹو کا مشن بغیر تفریق شہر کے ہرعلاقے میں بنیادی سہولیات فراہم کرنا ہیں،مرتضیٰ وہاب

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے صہبا اخترروڈ کے ترقیاتی کاموں کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔
میڈیا سے گفتگو میں مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ یونیورسٹی روڈ پر جاری تعمیرات کی وجہ سے اس سڑک پر بوجھ تھا، گلشن اقبال 13 ڈی کےعوام کا دیرینہ مطالبہ تھا کہ سڑک تعمیر کرکے دی جائے، سیوریج کی لائنوں کے مرمت کے بعد سڑک تعمیر کی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ کام کا آغاز آج سے ہورہا ہے، 45 دن میں کام مکمل کریں گے، پیپلز پارٹی نے اگر بیس کروڑ کامنصوبہ دیا تو مخالفین کو چاہیے 21 کروڑ کا منصوبہ دیں، بلاول بھٹو کا مشن بغیر تفریق شہر کے ہرعلاقے میں کام کروانا ہے۔
مرتضیٰ وہاب کا کہنا تھاکہ مسائل کا حل صرف پیپلزپارٹی کے پاس ہے، باتیں کرنے والے کہتے ہیں پیپلزپارٹی کام نہیں کرتی، ہارے ہوئے امیدواروں نے جو وعدے کیے تھے وہ ہم پورے کررہے ہیں، کچھ لوگ مایوسی اور تعصب کی سیاست کرتے ہیں، منافقوں کو صرف تعصب کی سیاست کرنی آتی ہے۔
انہوں نے دعویٰ کیا کہ اعلان سب کرتے ہیں لیکن اسے پورا پیپلز پارٹی کا کارکن کرتا ہے، حسد کرنے والے نہیں چاہتے کہ شہر کے مسائل حل ہوں، کے ایم سی اسپورٹس کمپلیکس میں شادیاں ہوتی تھیں، مجھ سے پہلے آنے والے سڑکوں کو کمرشلائز کرنے میں لگے ہوئے تھے، ہم سے پہلے والوں نے جو کیا اس کا خمیازہ ہم بھگت رہے ہیں۔



