میئرکراچی کی خوشخبری:تاخیر کا شکار سڑکیں ، انڈر پاسز اور نئے قبرستان جلد بنانے کا اعلان

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے شہریوں کو خوشخبری سناتے ہوئے تاخیر کا شکار سڑکیں ، انڈر پاسز جلد بنانے کا اعلان کر دیا۔
کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے میئر مرتضیٰ وہاب نے کہا کہ ماضی کی غلطیوں پر شہریوں سے معذرت خواہ ہیں۔ بحیثیت قوم، غلطیاں تسلیم کیے بغیر آگے نہیں بڑھ سکتے۔
میئر نے کراچی میں نئے پارکس، اربن فارسٹ اور نئے قبرستان بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اس سال شہر پر 46 ارب روپے خرچ کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ ایمپریس مارکیٹ پر کام کا آغاز کیا، حسن علی ہوتی مارکیٹ پر کام کررہا ہوں اور وہاں فوڈ اسٹریٹ بنانے جارہے ہیں۔ دو ماہ میں کڈنی ہل پرسیر و تفریح کیلئے بہترین مقام بنانے جارہے ہیں، منور چورنگی انڈرپاس کا کام بھی کررہے ہیں جو 3جون تک مکمل ہونے کی امید ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے منفی پروپیگنڈا کرنے والوں کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ تنقید کرنے والے کسی اور کا نہیں، کراچی کا نقصان کرتے ہیں۔
میئر کراچی رتضیٰ وہاب کا کہنا تھا کہ شہر کے خلاف پروپیگنڈا کیا جاتا ہے تو تکلیف ہوتی ہے، بعض عناصر اپنے مقاصد کے لیے کراچی دشمنی پر اتر آئے ہیں، کراچی پاکستان کا گیم چینجر تھا، ہے اور رہے گا۔
ان کا کہنا تھا کہ کراچی والے پاکستان کے مسائل کے حل میں اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔انہوں نے ٹریفک مسائل کے حل کے لیے نئی کوآرڈینیشن کمپنی بنانے کا اعلان کیا، جس کی سربراہی وہ خود کریں گے۔
اس موقع پر مرتضیٰ وہاب نے مارچ سے جولائی تک ریڈ لائن کوریڈور کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی بھی کروائی۔



