عیدالاضحیٰ کے پہلے روز مری میں کتنی گاڑیاں داخل ہوئیں؟

مری(جانوڈاٹ پی کے) عیدالاضحیٰ کے پہلے روز مری میں سیاحوں کی بڑی تعداد میں آمد ریکارڈ کی گئی، تاہم اس کے باوجود ٹریفک اور سیکیورٹی صورتحال مجموعی طور پر قابو میں رہی۔
ڈی پی او مری محمد رضا تنویر کے مطابق عید کے پہلے دن 13 ہزار 804 گاڑیاں مری میں داخل ہوئیں، جو گزشتہ سال کے مقابلے میں تقریباً 47 فیصد کم ہیں۔ اس وقت شہر میں 3 ہزار 169 گاڑیاں موجود ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ شہر میں ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے کیلئے سیکیورٹی اور ٹریفک پلان مکمل طور پر فعال رہا، جبکہ تمام داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ اور ناکہ بندی جاری رہی۔
ڈی پی او کے مطابق اسلام آباد پولیس اور موٹروے پولیس کے ساتھ مسلسل رابطہ اور کوآرڈینیشن برقرار رکھا گیا ہے تاکہ ٹریفک نظام کو مؤثر انداز میں کنٹرول کیا جا سکے اور شہریوں کو کسی قسم کی مشکلات کا سامنا نہ ہو۔
انتظامیہ نے کہا ہے کہ عید کے دوران سیاحتی مقامات پر سیکیورٹی اور ٹریفک مینجمنٹ کو مزید بہتر بنایا جا رہا ہے۔



