سندھ کی تقسیم کے حق میں کوئی نہیں، عوام اپنا فیصلہ سنا چکے، مراد علی شاہ

کراچی(جانوڈاٹ پی کے) وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ میں کوئی بھی صوبے کی تقسیم کے حق میں نہیں، صوبے کے عوام اپنا فیصلہ سنا چکے ہیں۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ اس وقت ملک میں صوبوں کی تقسیم کی بات کی جا رہی ہے، تاہم قائداعظم محمد علی جناحؒ کا پہلا اصول اتحاد تھا، ملک میں جو بھی فیصلے کیے جائیں وہ باہمی صلاح و مشورے سے ہونے چاہئیں۔

وزیراعلیٰ سندھ کا کہنا تھا کہ اگر کسی صوبے میں ڈویژن یا انتظامی تبدیلی کی ضرورت محسوس ہوتی ہے تو متعلقہ صوبائی اسمبلی اور عوام اس حوالے سے فیصلہ کریں گے۔ ان کے بقول یہ کیسے ممکن ہے کہ صوبائی اسمبلی اور قومی اسمبلی سے منظور ہونے والے قانون کو مسترد کردیا جائے۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ جاری رہے گا، ہر شخص کو اپنی رائے دینے کا آئینی حق حاصل ہے اور کسی کو اظہارِ خیال سے نہیں روکا جاسکتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ قائداعظم کے اصول ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں اور انہی اصولوں کے تحت ملک کو متحد رکھنا ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button