سکھر بیراج کی جدید کاری آخری مراحل میں، معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا،مراد علی شاہ کا دوٹوک پیغام

کراچی(جانوڈاٹ پی کے)وزیرِاعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیرِ صدارت سکھر بیراج کی بحالی و جدید کاری منصوبے کی پیش رفت پر اہم اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں وزیر آبپاشی جام خان شورو، سیکریٹری آبپاشی ظریف کھیڑو اور متعلقہ افسران شریک ہوئے۔

وزیراعلیٰ سندھ نے اجلاس سے خطاب میں کہا کہ سکھر بیراج سندھ کے آبپاشی اور زرعی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہے اور اس کی جدید کاری سندھ کے ہاریوں کی امید اور خوشحالی کا ضامن ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید تقاضوں کے مطابق اس تاریخی اثاثے کو محفوظ بنا کر آئندہ نسلوں کے لیے پائیدار بنیاد فراہم کی جا رہی ہے۔

انہوں نے واضح ہدایت دی کہ بیراج کے نئے دروازوں کی تنصیب میں مکمل درستگی ناگزیر ہے تاکہ پانی کا بہاؤ ہموار رہے اور ایک صدی پرانے سکھر بیراج کی طویل مدتی سلامتی یقینی بنائی جا سکے۔ وزیراعلیٰ نے یاد دلایا کہ 1932ء میں تعمیر ہونے والا سکھر بیراج آج بھی دنیا کے بڑے آبپاشی نظاموں میں شامل ہے، جو 66 گیٹس کے ذریعے لاکھوں ایکڑ زرعی اراضی کو سیراب کرتا ہے۔

سیکریٹری آبپاشی نے اجلاس کو بتایا کہ سائٹ پر کوفر ڈیم، بیراج پیومنٹ اور متعلقہ ڈھانچوں پر کام جاری ہے، منصوبے کے فیز II اور III کی تکمیل سے بیراج کے تین بڑے حصوں میں بھاری تعمیراتی سرگرمیاں ممکن ہو سکی ہیں۔27 میں سے 25 نئے گیٹس تیار ہیں اور 96 فیصد سے زائد پیش رفت مکمل ہوچکی ہے۔زنگ سے بچاؤ کے لیے 19 گیٹس کی پینٹنگ اور سینڈ بلاسٹنگ مکمل کر لی گئی ہے۔پرانے ہوسٹنگ سسٹم ختم کیا گیا ہے اور پرانے گیٹس کی کٹنگ کا عمل بھی مکمل ہو چکا ہے۔

رائٹ بینک پر ڈریجنگ مکمل ہوچکی ہے اور اپروچ چینل میں ڈریجنگ جاری ہے۔زون ون میں ڈی واٹرنگ، ڈی سلٹنگ اور جی پی آر سروے مکمل کیا گیا ہے۔زون ٹو اور تھری میں شیٹ پائلنگ اور بیک فلنگ کا بیشتر کام مکمل کیا گیا ہے

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ آبپاشی کو نارا کینال کی بحالی کا کام تیز کرنے، فیز-ون کی باقی پنچ لسٹ آئٹمز فوری مکمل کرنے اور ٹائم لائن پر سختی سے عمل کی ہدایت کی۔ انہوں نے دوٹوک الفاظ میں کہا کہ کسی قسم کی تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔

آخر میں وزیراعلیٰ نے عزم دہرایا کہ منصوبے کی معیاری اور بروقت تکمیل سے سندھ کے آبی تحفظ اور زرعی معیشت کو مضبوط بنایا جائے گا اور لاکھوں ہاریوں کا مستقبل محفوظ ہوگا۔

مزید خبریں

Back to top button