مخدوم فخرالزمان کی وزیر اعلیٰ سندھ سے ملاقات،مٹیاری کے ترقیاتی منصوبوں پر غور

مٹیاری(رپورٹ:امجد راجپوت/جانوڈاٹ پی کے)مٹیاری کے ایم پی اے مخدوم فخر الزمان کی وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ سے ملاقات۔ضلع مٹیاری میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مخدوم فخر الزمان نے پارلیمانی سیکریٹری برائے داخلہ کی حیثیت سے وزیرِ اعلیٰ کو یقین دہانی کرائی کہ افغان تنازع کی صورتحال کے دوران سندھ کے شہریوں کی سیکیورٹی اولین ترجیح رہے گی اور امن و امان کے قیام کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ سندھ نے یقین دلایا کہ ضلع مٹیاری میں امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے گا اور پولیس کو جرائم پیشہ عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی واضح ہدایات جاری کی جائیں گی۔
وزیرِ اعلیٰ نے مزید کہا کہ مٹیاری کے جاری ترقیاتی منصوبے بروقت مکمل کیے جائیں گے جبکہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام (ADP) 2026-2027 میں مٹیاری تعلقہ کی اسکیموں کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت جاری کی کہ پی پی ایچ آئی کے ذریعے اڈیرو اسٹیشن اسپتال کو اپنے انتظام میں لینے پر غور کیا جائے تاکہ مقامی عوام کو بہتر طبی سہولیات فراہم کی جا سکیں۔
یہ ملاقات خوشگوار ماحول میں منعقد ہوئی جس میں بالخصوص ضلع مٹیاری کے عوام کی ترقی، امن اور فلاح و بہبود سے متعلق اہم امور پر تبادلۂ خیال کیا گیا۔



